اسلام آباد: ضمنی انتخابات 2018 کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بیلٹ پیپرز کی اشاعت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا یہ عمل سرکاری پرنٹنگ پریس میں مکمل کیا جا رہا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز رینجرز اور ایف سی کے اہلکاروں کی نگرانی میں چھاپے جارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کل 36 حلقوں کےلیے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز شائع کیے جائیں گے۔ بلوچستان اور سندھ کے لیے 11 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔
بیلٹ پیپرز کی اشاعت سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد کے لیے 67 لاکھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوگی جب کہ خیبرپختونخوا کے لیے 17 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔
کے پی کے حلقوں کے لیے بیلٹ پیپرز پرنٹنگ پریس کارپوریشن میں جب کہ بلوچستان اور سندھ کے بیلٹ پیپرز نیشنل سیکیورٹی پرننٹنگ پریس اور پنجاب کے بیلٹ پیپرز پوسٹ فاؤنڈیشن پرنٹنگ پریس میں چھاپے جارہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے گیارہ اور صوبائی اسمبلی کے 25 حلقوں میں پولنگ 14 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ ضمنی انتخابات ان حلقوں میں بھی ہو رہے ہیں جو ایک سے زائد نشستیں جیتنے والے امیدواروں کی جانب سے خالی کیے گئے تھے۔
