افغانستان میں دھماکہ، 7بچے جاں بحق


کابل: افغانستان کے صوبے فریاب میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں سات بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ پانچ بچے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بم دھماکے کا افسوسناک واقعہ شرنتگاب کے علاقے کوہ سیاد میں ایک پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔

حکومتی ترجمان کے مطابق طالبان نے بارودی مواد کوہ سیاد کے مقام پر نصب کر رکھا تھا۔

 دھماکے سے قبل جائے وقوعہ پر گیارہ بچے موجود تھے جن کی عمریں پانچ سے 12 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ دھماکے کے وقت بچے کھیلنے میں مشغول تھے۔

 بم دھماکے سے سات بچے جاں بحق جب کہ پانچ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی بچوں کو فریاب کے شہر مائمانا کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

افغان پولیس کے مطابق افغانستان کے صوبہ فریاب میں طالبان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے متعدد بار سڑکوں پر بم نصب کرتے رہے ہیں اور یہ بم دھماکہ طالبان کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم اس سلسلے میں طالبان کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔


متعلقہ خبریں