کراچی: محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی کے مختلف ساحلوں پر نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، پابندی کی وجہ انسانی جانوں کا تحفظ بتائی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سمندر کنارے نہانے پر پابندی کا اطلاق پیر 17 ستمبر سے ہو گا اور یہ پابندی 30 دن تک برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ ساحل پر نہانے کی پابندی 30 یوم کیلئے لگائی گئی ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں نے اپنے رد عمل میں اسے کراچی والوں کے لئے بری خبر قرار دیا ہے کیونکہ شہر میں پہلے ہی تفریح کے بہت کم انتظامات ہیں اور اب شہری پکنک کی غرض سے بھی ساحل کا رخ نہ کرسکیں گے۔
اکثر شہری ہفتہ وار چھٹی کے دن اور عام تعطیلات میں پکنک منانے ساحل سمندر کا رخ کرتے ہیں جہاں پکنک کی جگہ بھی میسر ہوتی ہے اور گرمی سے بھی کچھ دیر کے لیے چھٹکارا مل جاتا ہے۔