’پرواز ہے جنوں’ یوم دفاع پر خصوصی توجہ کا مرکز



اسلام آباد: آج ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، اس موقع پر قربانی اور جب الوطنی کے جذبے میں گندھی مومنہ اینڈ درید پروڈکشنزکی اردو فیچر فلم ‘پرواز ہے جنوں’ خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

ملک بھر کے سنیما ہال میں آنے والے ہزاروں شائقین کا کہنا تھا کہ یہ فلم دیکھ کر ان کے دل میں ملک سے محبت اور شہدا سے عقیدت مزید بڑھ گئی ہے۔ 

فلم دیکھنے والے بچوں کا کہنا تھا کہ وہ بڑے ہو کر فلم کے کرداروں کی طرح پاکستان ایئرفورس کا حصہ بنیں گے، خواتین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی نسل کو پاک فوج کا حصہ بننے کے لیے تیار کریں گی۔

پاکستان اور بیرون ملک مقیم شائقین نے اس منفرد موضوع پر بنائی گئی فلم کو بے مثال قرار دیا ہے۔ شائقین کی جانب سے بھر پور پزیرائی حاصل کرنے والی  ایکشن اور تھرل سے بھرپور اور مقصد کے حصول کے لیے سچی لگن پر مبنی فلم ‘پرواز ہے جنوں’ کی نمائش کامیابی سے جاری ہے۔

پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی فلم کو ایکشن اور رومانس کے بہترین امتزاج نے دوآتشہ بنا دیا ہے اور اس نے مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ پاکستان میں فلمائے گئے گانوں نے بھی سوشل میڈیا پر ریکارڈ توجہ حاصل کی۔ فلم کے کچھ نغموں کو ریلیز کے کچھ دن بعد ہی لاکھوں مداحوں نے دیکھا اور شیئر کیا۔

 


متعلقہ خبریں