اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ سیاست میں اپنے لیڈر پر اعتماد کرنا بہت ضروری ہوتا ہے، چند ماہ میں سب کو پتا چل جائے گا کہ عمران خان کیسی سیاست کرتے ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ موروثی سیاست کے سب سے بڑے مخالف ہیں، انسان کی عزت کسی بڑے آدمی کا بیٹا ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کے کام کی وجہ سے ہوتی ہے۔
علی محمد خان نے بتایا کہ ان کی جماعت میں نئے آنے والے اگر اپنے آپ کو تبدیل نہیں کریں گے یا عوام کے ساتھ ٹھیک رویہ نہیں رکھیں گے تو پاکستان تحریک انصاف ان کا ساتھ نہیں دے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر پاکستان کے لیے عارف علوی کا نام سب سے بہتر ہے، ان کی پہچان سیاسی ورکر کی ہے، انہوں نے تو خود اپنے حلقے میں جھاڑو بھی لگایا ہے۔
پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حیدر الزمان قریشی نے کہا کہ غیرجمہوری قوتوں کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا کام نواز شریف نے شروع کیا تھا۔
رانا ثنا اللہ کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے بیانات کو سنجیدہ نہیں لیا جا سکتا نہ ہی اس پر بات کرنی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی نے وزیر اعظم کے لیے شہباز شریف کا نام تجویز نہیں کیا تھا، بس یہ کہا گیا تھا کہ امیدوار ن لیگ کا ہی ہو گا۔