تحقیقاتی کمیٹی: شرجیل میمن کے ملاقاتیوں کا ریکارڈ جمع

شرجیل میمن

فوٹو: فائل


کراچی: کراچی کے نجی اسپتال میں پی پی پی کے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے کمرے کے باہر ڈیوٹی پر مامور جیل اہلکاروں نے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ اسپتال میں بہت سی اہم شخصیات اور وزراء ان سے ملنے آتے تھے جن ان کی تلاشی نہیں لے سکتے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق جیل اہلکاروں کے بیان کی روشنی میں تحقیقاتی کمیٹی نے سابق صوبائی وزیر کے ملاقاتیوں کی  تفصیلات حاصل کرنا شروع کردی ہیں۔ تفتیشی افسران نے اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرلی ہے جس کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی کراچی رجسٹری میں گزشتہ روز اہم مقدمات کی سماعت سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان نے کرپشن کیسز میں ملوث ان ہائی پروفائل ملزمان کے کمروں کا دورہ کیا تھا جو اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

اسپتال کے ان کمروں کو قانونی اعتبار سے سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار جب ضیاالدین اسپتال میں زیرعلاج شرجیل انعام میمن کے کمرے میں  پہنچے تو وہاں سے شراب کی تین بوتلیں ملی تھیں۔

واقعہ کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو ہیں۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) انوسٹی گیشن ساؤتھ عبداللہ جان اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن ایسٹ شبیر میمن شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں