سابق پنجاب پولیس افسر عابد باکسر گرفتار

سابق پنجاب پولیس افسر عابد باکسر گرفتار


لاہو: پنجاب پولیس کے سابق افسر اور ماضی میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دست راست سمجھے جانے والے عابد باکسر کو سی آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

سی آئی اے پولیس کے مطابق عابد باکسر کے خلاف تھانہ ملت پارک میں قتل کا مقدمہ درج ہے اور اسی حوالے سے اُنہیں اور مدعی مقدمہ منا فردوسی کو طلب کیا گیا تھا۔

مدعی اور عابد باکسر کی سی آئی اے سینٹر میں تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں ہاتھا پائی تک جا پہنچی جس کے بعد سی آئی اے پولیس نے دونوں فریقین کو انسدادی کارروائی کرتے ہوئے حوالات میں بند کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی آئی اے سینٹر میں کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دی جائے گی۔

عابد باکسر کو پنجاب میں مشکوک پولیس مقابلوں کا اہم کردار تسلیم کیا جاتا ہے اور اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے یہ جعلی پولیس مقابلے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کے کہنے پر کیے تھے۔

عابد باکسر کو اس وقت ذرائع ابلاغ میں شہرت ملی جب نرگس نامی اداکارہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اداکارہ نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ پولیس افسر نے چاقو سے اس کے سر کے بال کاٹنے کے علاوہ بھنویں تک مونڈھ دی تھیں۔


متعلقہ خبریں