پولیس مقابلہ: ہلاک نوجوان کے ورثا کا احتجاج


لاہور: پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نوجوان کے ورثا حصول انصاف کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر پہنچ گئے۔

ورثا کی جانب سے غازی آباد پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا اورچیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی گئی کہ وہ جعلی پولیس مقابلے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کریں۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت عظمیٰ کے باہر موجود ورثا کا مؤقف ہے کہ غازی آباد پولیس نے فیصل کو گھر سے زندہ گرفتار کیا اور پھر دوسرے ہی دن جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔

احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے اورحصول انصاف کی دہائی دے رہے تھے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم فل بنچ آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کررہا ہے۔

سپریم کورٹ میں سنے جانے والے کیسز میں پولیس سے متعلق درخواستوں بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں