راولپنڈی: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور مریم نواز سے آج ان کے عزیز و رشتہ دار جیل میں ملا قات نہیں کرسکیں گے۔
جیل مینئیول کے مطابق جمعرات قیدیوں سے ملاقات کا دن ہوتا ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے آج اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی ان کے عزیز و رشتہ داروں ملاقات نہیں کرائی جائے گی۔
جیل حکام کے مطابق قیدیوں کی ملاقات کل بروز جمعہ کرائی جائے گی۔
اڈیالہ جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سنئیر رہنماوں اور دیگر ملاقاتیوں کو اطلاع کردی گئی ہے اور تمام ملاقاتیوں کو کل صبح آٹھ بجےسےدوپہر ایک بجے کے درمیان ملاقات کی اجازت ہوگی۔
عید الاضحیٰ کے پہلے دن شریف خاندان کے مختلف افراد نے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔
سابق وزیراعطم سے ملاقات کرنے والوں میں نواز شریف کی والدہ، پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اورعباس شریف شامل تھے۔
ملاقات میں شریف خاندان کے افراد نے نواز شریف اور مریم نواز کو عید کی مبارکباد دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس میں دی گئی سزا کے خلاف اپیلوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی تھی اور ملک کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔