سندھ کابینہ کاپہلا اجلاس آج شام طلب


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے سندھ کابینہ کا پہلا اجلاس پیر کی شام 5 بجے طلب کرلیا ہے جبکہ سندھ کابینہ کے وزرا کے قلمدانوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

سندھ کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سیکرٹریٹ میں ہوگا جس میں امن و امان کی صورتحال، عیدالضحیٰ کے سیکیورٹی پلان اور تھر میں قحط کی صورتحال سے متعلق غور کیا جائے گا۔

سندھ کی آٹھ رکنی کابینہ نے اتوار کے روز گورنر ہاؤس میں حلف اٹھایا تھا،  نوٹیفیکیشن کے مطابق عذرا افضل پیچوہو کو صحت و بہبود آبادی کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ ہری رام کو اقلیتی امور، سماجی بہبود اور جیل خانہ جات کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔

اسماعیل راہو کو زراعت، سپلائی اینڈ پرائس کنٹرول کا وزیر جبکہ شبیر بجارانی کو معدنی وسائل کی وزارت  دی گئی ہے، مخدوم محبوب کو ریوینیو اور بحالی کا وزیر بنایا گیا ہے جبکہ سعیدغنی بلدیات، کچی آبادی، پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ اور دیہی ترقی کے وزیر ہوں گے۔

سردار علی شاہ کو تعلیم، ثقافت، سیاحت اور نوادرات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے دو مشیروں کا بھی نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور محمد بخش مہر کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں