لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی میں تعطل کا دورانیہ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے گرمی اور حبس کا شکار شہری شدید اذیت سے دوچار ہیں اوران کا برا حال ہوگیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کو اپنے صارفین تک بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے 3900 میگاواٹ بجلی درکار ہے لیکن نیشنل پاور کنسٹرکشن اینڈ کنزمپشن(این پی سی سی) کی جانب سے صرف 3547 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
اعداد وشمار کے تحت بجلی کی طلب و رسد کا فرق 350 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے جس کے سبب شہرمیں اعلانیہ اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔
بجلی کی بندش، تعطل اور عدم فراہمی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں نشاط کالونی، آر اے بازار، ڈیفنس، شاہدرہ، بند روڈ، چوبرجی، وسن پورہ اور مغل پورہ شامل ہیں۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی فراہمی چھ گھنٹے تک تعطل کا شکار رہی تھی جس سے شہریوں کو سخت اذیت اٹھانا پڑی تھی۔
رواں ہفتے صرف لاہور میں تیسری مرتبہ بجلی کی فراہمی بڑے پیمانے پرشدید متاثرہوئی ہے اورمتعدد علاقے اس کی لپیٹ میں آئے ہیں۔