الیکشن نتائج اور حکومت سازی کی جنگ، کون جیتے گا؟


اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد  نے شہباز شریف کی حالیہ پریس کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں  مسلم لیگ نون کی حکومت بنانے کے بارے میں جو بات ہو رہی ہے وہ کوئی دھمکی نہیں بلکہ محض ان کی خواہش ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ  نون لیگ پورے ملک سے ہارنے کے بعد اب یہ چاہتی ہے کہ کم از کم پنجاب ان کے ہاتھ سے نا نکلے۔

پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت بنانے کے حوالے سے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں نے تحریک انصاف کو اس وعدے پر ووٹ دیے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی طرح پنجاب کے حالات بھی بہتر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کا نہ بننا  یہاں کے لوگوں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہو گی۔

پارٹی میں آزاد امیدواروں کی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں یہ ایک اہم فیکٹر ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

’نیوزلائن‘ میں بات کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما وحید عالم خان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں بن رہا اور نہ ہی نون لیگ کا کوئی رکن اسمبلی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر نے کا ارادہ رکھتا ہے۔ پہلے کی طرح اس بار بھی پھیلائی جانے والی سب افواہیں جھوٹی اور غلط ثابت ہوں گی۔

پنجاب میں حکومت تشکیل کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اکثریت لینے کے بعد وہاں حکومت تشکیل کرنا ہمارا حق ہے۔

ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے وحید عالم خان نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں نون لیگ خیبرپختونخوا میں حکومت قائم کر سکتی تھی لیکن اکثریتی جماعت ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف کو حکومت بنانے کا پورا حق دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کے قائد نظریے اور اصول کی سیاست کرتے ہیں۔

’نیوزلائن‘ میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کار ہمابقائی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون ضرورت کے وقت دیگر جماعتوں کے پاؤں پر گر جاتی ہے اور ضرورت پوری ہونے کے بعد گلا پکڑ لیتی ہے۔ ان کا یہ رویہ کسی ایک سے نہیں بلکہ دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی ہے۔

نون لیگ پر تنقید کرتے ہوئے ہمابقائی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ طاقت کے زور پر دیگر جماعتوں کے ساتھ ناشائستہ رویہ رکھتے ہیں، انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ وہ پنجاب کو ہر حال میں اپنے ہاتھ میں رکھے۔


متعلقہ خبریں