اسلام آباد: پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے حالیہ انتخابات میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آنے والی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی روابط کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی سفیر نے انتخاب جیتنے پرعمران خان کو سعودی فرمانرواکی جانب سےمبارک باد اور تہنیتی پیغام پہنچایا اور ان کے ‘مثبت اور جامع’ خطاب کو سراہا۔
برادر اسلامی ملک کے سفیر کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب سےعمران خان صاحب کے خیالات کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
نواف سعید المالکی نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کاعمل مکمل ہوتےہی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کادورہ کریں گے اور دونوں مملاک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالیں گے۔
گفتگو کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ نے کہا کہ ان کی خارجہ پالیسی میں سعودی عرب کو خاص مقام حاصل ہے، یہ برادر اسلامی ملک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے۔