ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی رائل نیوی آف عمان کے سربراہ سے ملاقات

ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی رائل نیوی آف عمان کے سربراہ سے ملاقات | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل نیوی آف عمان کے سربراہ ریئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی اورسلطان قبوس نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی سلطنت آف عمان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

ہیڈ کوارٹرز رائل نیوی آف عمان آمد پرر یئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ رائل نیوی آف عمان کے چا ق و چوبند دستے نے نیول چیف کو سلامی پیش کی۔

ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور بشمول دو طرفہ بحری اشتراک اور بحر ہند کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبوں پر گفتگوہوئی۔ نیول چیف کو ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بحرِ ہند میں قومی اور عالمی بحری تجارت کے لیے بحری سیکیورٹی کو یقینی بناکر بحری قزاقی، بحری دہشت گردی ، اسلحہ و منشیات اور انسانی اسمگلنگ جیسے خطرات کے انسداد کے سلسلے میں پاکستان کے کردارپر روشنی ڈالی۔

ر یئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی نے خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں اور عزم کو سراہا۔

رائل نیوی آف عمان کے سربراہ نے پاک بحریہ کے آفیسرز و سیلرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورپاک بحریہ کی طرف سے رائل نیوی آف عمان کو تربیت کے سلسلے میں فراہم کیے جانے والے قابل قدر تعاون کو سراہا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے مختلف شعبوں جیسے تربیت ، باہمی دورے اور بحری اشتراک میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سید بن سلطان نیول بیس، سلطان قبوس نیو ل اکیڈمی، رائل نیوی آف عمان کے جہاز اور فلیٹ مینٹیننس فیسیلیٹی کا دورہ کیا۔

کمانڈنٹ سلطان قبوس نیو ل اکیڈمی سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُموربشمول اکیڈمی میں دی جانے والی تربیت اور نوجوان آفیسرز کی صلاحیتوں میں نکھار پر بات چیت کی گئی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے اکیڈمی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور زیرِ تربیت مڈشپ مین اور کیڈٹس سے تبادلہ خیال بھی کیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ کے اس دورے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف شمالی بحیرہ عرب میں اپنی حالیہ تعیناتی کے سلسلے میں عمان کا دورہ کرے گا جو دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے بحری اشتراک کا مظہر ہے اورجس میں مزید وسعت و استحکام آئے گا۔


متعلقہ خبریں