واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دنیا کی خاطر آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سب جانتے ہیں ایران بری طرح جنگ ہار رہا ہے۔ ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہو چکی۔ جبکہ دفاعی نظام اب موجود نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا ریڈار سسٹم، میزائل اور ڈرون فیکٹریاں بڑی حد تک تباہ ہو چکی ہیں۔ اور ایران کی قیادت اب ان میں موجود نہیں۔ ایران کے پاس اب صرف سمندری بارودی سرنگوں کی دھمکی باقی رہ گئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بارودی سرنگیں بچھانے والی ایران کی تمام 28 کشتیاں سمندر برد ہو چکی ہیں۔ دنیا کی خاطر آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی کی خاطر آبنائے ہرمز کلیئر کر رہے ہیں۔ دیگر ممالک میں یہ کام خود کرنے کی ہمت اور عزم موجود نہیں۔ مختلف ممالک کے خالی بحری جہاز تیل لینے کے لیے امریکا کا رخ کر رہے ہیں۔ جبکہ امریکا فرٹیلائزر کی صنعت سے قیمتوں میں اضافے کو قبول نہیں کرے گا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر کے خالی آئل ٹینکرز کو امریکا آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن میں موجود بہترین کوالٹی کا تیل عالمی منڈیوں کے لیے دستیاب ہے۔ امریکی تیل اور گیس دنیا میں سب سے بہترین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں گم، ایران کو ہٹانے میں مشکلات کا سامنا، امریکی رپورٹ
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس 2 بڑے ممالک کے مجموعی ذخائر سے بھی زیادہ تیل موجود ہے۔ آئل ٹینکرز کو فوری لوڈنگ اور تیز رفتار واپسی یقینی بنائی جائے گی۔ جلد معلوم ہو جائے گا کہ ایرانی وفد نیک نیتی سے بات کر رہا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھ چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز کے علاوہ بھی متبادل راستے موجود ہیں۔
