اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں موسم ایک بار پھر کروٹ لینے لگا، محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک سے دو گھنٹوں کے دوران جڑواں شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ فضا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے باعث کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موسمی نظام بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔
ایران جنگ کے اثرات پاکستان تک پہنچ گئے، محکمہ موسمیات کا بڑا اعلان
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مری، ہری پور اور نتھیاگلی کے علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جہاں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہونے کے باعث انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی جس سے گرمی کی شدت میں عارضی طور پر کمی آئے گی، تاہم تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کھلے مقامات، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو ممکنہ نکاسی آب کے مسائل کے پیش نظر احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں شدید موسم، بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری
دوسری جانب ٹریفک پولیس نے بھی خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران سڑکیں پھسلن کا شکار ہوسکتی ہیں، لہٰذا ڈرائیور حضرات محتاط انداز میں گاڑی چلائیں اور رفتار کم رکھیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران صورتحال پر نظر رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
