اسلام آباد میں ہونے والے اہم سفارتی مذاکرات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکی اور ایرانی وفود کو پاکستان آمد کیلئے عارضی طور پر ویزا فری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ خصوصی انتظام صرف مذاکرات کی مدت تک محدود ہوگا اوراس کا اطلاق کسی بھی صورت میں مستقل پالیسی کے طور پرنہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سہولت کا مقصد دونوں ممالک کے وفود کی آمد و رفت کو آسان بنانا اورمذاکراتی عمل کو ہموار بنانا ہے۔
ہفتہ اتوار کون سے راستے بند ہونگے؟ ٹریفک ایڈوائزری جاری
مزید برآں، مذاکرات کی کوریج کیلئے آنے والے صحافیوں کو بھی اسی نوعیت کی رعایت دی جائے گی تاکہ بین الاقوامی میڈیا نمائندگان باآسانی پاکستان آ سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ ویزا فری سہولت صرف مخصوص وفود اور منظور شدہ صحافیوں تک محدود ہے، جبکہ تیسرے ممالک کے شہری اس رعایت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے سفارتی کوششوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔
