پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل پر قابو پانے اور انہیں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل شعبے میں بڑے پیمانے پر نئی بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی حالت کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا اور انجری کے مسائل کو کم کرنا ہے۔
اس حوالے سے پی سی بی نے باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا ہے جس کے تحت مختلف طبی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
آسامیوں میں سینئر اسپیشلسٹ فزیوتھراپسٹ، اسپیشلسٹ فزیوتھراپسٹ، سینئر منیجر کوآرڈینیشن اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن اور جونیئر اسپورٹس ڈاکٹرز شامل ہیں۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ان تقرریوں سے اسپورٹس میڈیسن کے شعبے کو تقویت ملے گی جس کا براہِ راست فائدہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو ہوگا۔
بورڈ کی جانب سے ان آسامیوں کے لیے اہل اور تجربہ کار امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ خواہش مند امیدوار اپنی درخواستیں 24 اپریل تک جمع کروا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دوروں اور ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے کافی تنقید سامنے آئی تھی، جس کے بعد پی سی بی نے میڈیکل پینل کو مزید فعال اور پیشہ ورانہ بنانے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔
