حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد اپوزیشن نے کل (جمعرات)کا جلسہ منسوخ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادیوں نے اپوزیشن رہنماؤ ں سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ،ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف، اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی، بیرسٹر گوہر، جنید اکبر شامل تھے ،راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور امین الحق بھی ملاقات میں شریک تھے۔
آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کو فعال انداز میں کنٹرول کیا جائے گا، ایرانی مسلح افواج
بعدازاں اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے کل (جمعرات)لیاقت باغ میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا،حکومتی درخواست پر پی ٹی آئی نے جلسہ معطل کیا۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا اہم اجلاس بھی ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور خصوصاً خطے میں ہونے والی حالیہ اہم تبدیلیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پولیٹیکل کمیٹی نے امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر غور کیا اور اس سنگ میل کا خیر مقدم کیا۔ تحریک انصاف اس اہم کامیابی کے حصول میں تمام فریقین کی کوششوں کو سراہتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف مشرقِ وسطیٰ میں محض عارضی تعطل نہیں بلکہ مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کی خواہاں ہے۔ ہمارا موقف ہے کہ خطے میں استحکام ہی عالمی معیشت اور انسانیت کی بقا کا ضامن ہے۔
ایران کیخلاف تاریخی فتح، جنگ بندی سے امن کا نیا موقع ہے، امریکی وزیر جنگ
پاکستان 10 اپریل کو اسلام آباد میں مستقل جنگ بندی کے حوالے سے فریقین کے درمیان ایک انتہائی اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ اجلاس عالمی اور علاقائی امن کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
اس اہم بین الاقوامی تناظر، علاقائی صورتحال اور پورے خطے کو جنگ کے اثرات سے بچانے کی سفارتی کوششوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، پولیٹیکل کمیٹی نے 9 اپریل کو لیاقت باغ، راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قائد تحریک انصاف عمران خان نے بھی بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے پیغام بھجوایا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر جلسہ ملتوی کیا جائے، جس کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا۔
پاکستان نوبل انعام کا مستحق، ایران امریکا جنگ بندی کا عالمی خیر مقدم
پاکستان تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ اس وقت قومی اور علاقائی مفاد کے پیشِ نظر تمام تر توجہ امن مذاکرات کی کامیابی اور سفارتی کوششوں کے استحکام پر مرکوز کرنا ضروری ہے تاکہ مستقل امن کی منزل حاصل کی جا سکے۔ جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد موزوں وقت پر کیا جائے گا۔
