وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز بند ہونے سے دنیا کی سپلائی چین متاثر ہوئی،خام تیل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا،پوری دنیا میں اس وقت تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔
قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کے اثرات سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے،حکومت نے کفایت شعاری کے ذریعے اپنے اخراجات کم کیے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کازیادہ بوجھ عوام پر نہیں ڈالاگیا۔
پیٹرول سبسڈی:موٹر سائیکل مالک کے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار
پاکستان توانائی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے 80فیصد سے زیادہ تیل درآمد کرتا ہے،خطے میں کشیدگی سے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،روٹ متاثر ہونے کی وجہ سے شپمنٹ کے کرایوں میں لاکھوں ڈالرکااضافہ ہوا،وزیراعظم کی قیادت میں عام آدمی کوریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
دنیا کی25 سے 30 فیصد سپلائی آبنائے ہرمز سے گزرتی ہے ،حکومت نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات کئے،عوام کو ریلیف دینے کیلئے 100ارب روپے سے زیادہ سبسڈی دی گئی۔
3ہفتے حکومت نے قیمتوں کا بوجھ اپنے اوپر لیا ،وزیر اعظم، ڈپٹی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے خلیجی ممالک سے رابطے کئے ،میں نے بطور وزیر پیٹرولیم ہر صوبے کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ،صدر مملکت کے پاس سب کو اکٹھا کیا اور قومی پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا،سب نے ملکر عوام کو قطاروں میں کھڑا ہونے سے بچانے کا انتظام کیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی سے بل منظور، موٹر سائیکل و رکشہ مالکان کیلئے بڑا ریلیف
موٹر سائیکل والوں سے لے کر کسان تک سب کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کا طریقہ کار طے کیا گیا،عوام کو ہفتہ وار 50سے 60ارب روپے کا ریلیف دیاگیا،خطے میں کشیدگی کے باجود عوام کو بلاتعطل پیٹرول فراہم کیاجارہاہے۔
ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات پرسبسڈی فراہم کی جارہی ہے،تنازع کے بعد پاکستان کے 2جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے تھے،ایرانی حکومت نے پاکستان کے 2جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی۔
