پشاور: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف جمعہ کے روز ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔
پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پرتفصیلی غور کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پرشدید بوجھ بن چکا ہے اوراس نے ہر طبقے کو متاثرکیا ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی سے بل منظور، موٹر سائیکل و رکشہ مالکان کیلئے بڑا ریلیف
ان کے مطابق مہنگائی نے عام آدمی کا سکون چھین لیا ہے، جس کے خلاف آواز بلند کرنا ضروری ہو گیا ہے انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
جے یو آئی سربراہ نے بعض قوانین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو تشدد، ٹرانس جینڈراورکم عمری کی شادی سے متعلق قوانین سمیت دیگراقدامات کو ختم کیا جائے، جنہیں وہ شریعت کے منافی قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیوی کو شوہر کی جائیداد میں 50 فیصد حصہ دینے سے متعلق قانون سازی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی ہے اور اتحادی سہاروں پر قائم ہے جبکہ عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ ایسی حکومت کے خلاف احتجاج کریں۔
