وزیراعظم شہباز شریف نے ریلوے مسافروں کیلئے بڑا ریلیف دیتے ہوئے ٹرین کرایوں میں مجوزہ 30 فیصد اضافے کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حالانکہ آپریشنل اخراجات پورے کرنے کیلئے کرایوں میں اضافہ ناگزیر قرار دیا جا رہا تھا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان ریلویز کو کسی بھی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت اکانومی اور اے سی کلاسز سمیت تمام ٹرینوں کے کرایے موجودہ سطح پر برقرار رہیں گے۔ تاجر برادری کو سہولت دینے کیلئے فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر 30 جون تک 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی تاکہ عوام کو مزید مالی دباؤ سے بچایا جا سکے۔
پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت، کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے سبسڈی کا اعلان
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس فیصلے کو عوام کیلئے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وزیراعظم نے مسافروں کے دل جیت لیے ہیں اور ریلوے کا سفر ہر طبقے کی پہنچ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
