وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں آئندہ 30 دن کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سہولت کل سے عام شہریوں کے لیے دستیاب ہوگی، جس کا مقصد عوام کو موجودہ معاشی دباؤ میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق اس اقدام پر آنے والے اخراجات وزارت داخلہ برداشت کرے گی، جس کے لیے تقریباً 35 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
On the directions of the Prime Minister, all public transport in Islamabad will be made free of cost for the general public for the next 30 days, starting tomorrow.
The Ministry of Interior will bear the expenditure of Rs. 350 million for this public relief initiative. Thank you…
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) April 3, 2026
حکومت کا کہنا ہے کہ حالیہ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں یہ فیصلہ عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں عوام کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ مفت، کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔
اس فیصلے کے تحت اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کرنے والے شہریوں کو ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
لاہور میں زرعی شعبے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے مریم نواز نے کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے نقد امداد اور سبسڈی کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی تاکہ زرعی اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے موٹر سائیکل سواروں کیلئے بھی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ بائیک پر 20 لیٹر تک 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
