پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
لاہور سے مختلف روٹس پر کرایوں میں 65 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق کرایوں میں ایک ہزار سے 2500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے کرایوں کے تحت لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 3000 سے بڑھا کر 4000 روپے، جبکہ پشاور کا کرایہ 3500 سے بڑھا کر 4600 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح سرگودھا کا کرایہ 1550 سے بڑھا کر 2550 روپے، فیصل آباد کا 1350 سے 2350 روپے کر دیا گیا ہے۔ طویل روٹس پر بھی بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں کراچی کا کرایہ 8600 سے بڑھا کر 12000 روپے اور حیدر آباد کا 9200 سے بڑھا کر 13000 روپے کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں رحیم یار خان کا کرایہ 4250 سے بڑھا کر 5300 روپے، مری کا 3300 سے بڑھا کر 4500 روپے اور ملتان کا کرایہ 2800 سے بڑھا کر 3700 روپے کر دیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ، تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اگر کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے تو وہ گاڑیاں بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ دوسری جانب ترجمان محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے مطابق کرایوں میں اضافے سے متعلق اہم اجلاس آج ہوگا، جس میں ڈیزل کی قیمتوں کے تناسب سے نئی کرایہ نامہ فہرست جاری کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد باقاعدہ نئی کرایہ لسٹیں مرتب کی جا رہی ہیں تاکہ عوام اور ٹرانسپورٹرز دونوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
