محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وارننگ جاری کر دی ہے۔
کئی علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے وسطی اور شمالی علاقوں کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لاہور میں فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن نے 4 اپریل تک سیلابی صورتحال برقرار رہنے کی وارننگ دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، ژوب، ناڑی، شیریں اور بولان کے ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالے بھی خطرناک صورتحال اختیار کر سکتے ہیں۔
مزید برآں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جبکہ کوہاٹ میں دریائے کرم اور گومل سمیت ملحقہ علاقوں میں سیلابی خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
کراچی سمیت سندھ میں آندھی اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری
انتظامیہ نے اسلام آباد کے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو نقل مکانی کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
