ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی ایک اہم کانفرنس میں اداکارہ ماہرہ خان، عاصمہ شیرازی، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت پاکستان کی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ کانفرنس 12 اپریل کو منعقد ہوگی، جس میں گورننس، معیشت، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی ترقی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی سیشنز اور مکالمے ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق یہ ایونٹ نہ صرف پاکستان کے موجودہ چیلنجز کو اجاگر کرے گا بلکہ ممکنہ حل اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی توجہ مرکوز کرے گا۔
ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ نے فلم پروموشن میں پاکستان کا نام روشن کردیا
View this post on Instagram
کانفرنس میں سیاست، کاروبار، فن و ثقافت، میڈیا اور تعلیم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شرکت کریں گی۔ نمایاں شرکاء میں ماہرہ خان، حنا ربانی کھر، گلوکارہ مومینا مستحسن، جاز کے سی ای او عامر ابراہیم، ڈیجیٹل کریئیٹر ردا علی اور معروف ڈیزائنر حسن شہریار یاسین شامل ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس شمالی امریکا میں پاکستان کے حوالے سے منعقد ہونے والی نمایاں ترین تقریبات میں شمار ہوتی ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا اور مختلف شعبوں میں پیش رفت کے امکانات پر سنجیدہ گفتگو کو فروغ دینا ہے۔
عماد عرفانی کا عمران خان سے موازنہ ہونے پر دلچسپ ردِعمل
تقریب کے دوران ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن میں قوالی نائٹ شامل ہے، جہاں سامی برادرز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
