ممبئی، بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور ہدایتکار ای اے راجندرن 71 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وہ گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے اور جمعرات کے روز خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی آخری رسومات جمعہ کو ان کے آبائی علاقے تری تھلور میں ادا کی جائیں گی۔
ای اے راجندرن کا تعلق ایک معروف فنکار گھرانے سے تھا، وہ اداکار موکیش کے بہنوئی اور معروف تھیٹر ڈائریکٹر او مادھون کے داماد تھے۔ انہوں نے او مادھون کی بیٹی اور موکیش کی بہن سندھیا سے شادی کی اور کولم میں سکونت اختیار کی۔
بھارتی اداکارہ اور ماڈل ہرشل کالیا ٹریفک حادثے میں چل بسیں
راجندرن نے 1981 میں فلم “گریشمن” سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور پانچ دہائیوں پر محیط سفر میں 50 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی آخری فلم “اورو پرم کلیاٹم” تھی جو 2023 میں ریلیز ہوئی۔
فلمی حلقوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
