شہر قائد کراچی میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔کئی رہائشی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
سچل گوٹھ، صفورہ اور یونیورسٹی روڈ پر بھی بارش جاری ہے،لیاری کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کے بعد بجلی بند کردی گئی،کاغذی بازار،کھجور بازار، کلری ، لی مارکیٹ ،چیل چوک اور اطراف میں بجلی بند ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
کلاکوٹ اور چاکیواڑہ میں بھی بجلی بند کردی گئی،مرکزی شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹ بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،بارش کے باعث موٹر سائیکل سوار پلوں کے نیچے پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
تیز بارش کے باعث گلبہار سینیٹری مارکیٹ والی روڈ زیر آب آگئی،تیز آندھی کے باعث سندھ اسمبلی، ہائیکورٹ، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں درخت گر گئے۔
درخت گرنے کے واقعات سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے،تیز ہوا کے باعث شاہراہ فیصل ، شاہراہ عثمان اور شاہراہ پاکستان پر لگے سائن بورڈز بھی اڑ گئے۔
میئر کراچی نے برسات کے پیش نظر تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی،میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، عملہ سڑکوں پر موجود رہے،شہریوں کو ریلیف اور ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے وارڈنز کو تعینات کیا جائے۔
آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ ، الرٹ جاری کر دیا گیا
تیز ہوا کے باعث درخت گرنے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں،درختوں کو فوری ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کی جائے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ تیار ہے ،مشینری کو مختلف علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کراچی میں تیز بارش کے بعد انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم جاری کردیا، انہوں نے تمام بلدیاتی اداروں اور ڈی ایم سیز کو فوری طور پر فیلڈ میں نکلنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے،واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن تمام پمپنگ اسٹیشنز پر مشینری اور جنریٹرز کو فعال رکھے۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی، مراد علی شاہ نے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کا حکم دیا۔
پنجاب کےبیشتراضلاع میں 17سے20مارچ کےدوران بارش متوقع
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ نکاسی آب کے کام میں غفلت برتنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، شہریوں سے اپیل کی کہ بجلی کے کھمبوں، تاروں اور اشتہاری بورڈز سے دور رہیں۔
انتظامیہ کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی چوکنگ پوائنٹس کو فوری صاف کیا جائے،کے الیکٹرک انتظامیہ کو بارش کے دوران بجلی کے فالٹس فوری دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مراد علی شاہ نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
