لاہور کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملزکیس کی تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے نیب کی جانب سے دائر درخواست پرمحفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے تحقیقات بند کرنے کی اجازت دے دی۔
عدالت کے فیصلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے خلاف اس کیس میں کارروائی باضابطہ طورپرختم ہو گئی ہے۔
نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری شوگرملزکیس میں تحقیقات کے دوران نوازشریف اورمریم نواز کے خلاف کرپشن یا بدعنوانی کے ٹھوس شواہد سامنے نہیں آ سکے۔
عید کا چاند نظر آتے ہی فوری اعلان کیا جائے، شہری کی ہائیکورٹ سے انوکھی استدعا
نیب کے مطابق ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ نے شواہد کی عدم دستیابی کے باعث تحقیقات بند کرنے کی منظوری دے دی تھی۔
درخواست میں مزید بتایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو ہدایت کی تھی کہ تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا جائے۔ اسی ہدایت کی روشنی میں نیب نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے نیب کے مؤقف اوردستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے چوہدری شوگرملزکیس میں نواز شریف اورمریم نوازکے خلاف تحقیقات بند کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔ فیصلے کے بعد اس مقدمے کی کارروائی مکمل طور پرختم ہو گئی ہے۔
