ملتان: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیاء خورونوش اور تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ملتان میں دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد دودھ 220 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ دہی کی قیمت بھی بڑھ کر 250 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
تعمیراتی سامان بھی مہنگا ہو گیا ہے، سریا 30 روپے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ بجری کی قیمت میں 10 روپے فی فٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ٹی آر کی قیمت میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے اور اس کی نئی قیمت 210 سے 250 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ گاڈر 50 روپے فی کلو مہنگا ہو کر 260 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، سرکاری نرخنامے کے مطابق انار 600 روپے، اسٹرابری 300 روپے اور امرود 135 روپے فی کلو مقرر ہیں تاہم مارکیٹ میں انار 700 روپے، اسٹرابری 600 روپے اور امرود 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔
اسی طرح سیب کی سرکاری قیمت 230 سے 392 روپے فی کلو اور کیلے 210 روپے درجن مقرر ہیں جبکہ مارکیٹ میں سیب 250 سے 450 روپے فی کلو اور کیلے 250 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔
ایل پی جی 70 سے 100 روپے فی کلو مہنگی
دیسی لیموں کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سرکاری نرخنامے کے مطابق اس کی قیمت 204 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے لیکن عام مارکیٹ میں چار سو روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
