پشاور، حکومت خیبرپختونخوا نے پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں بچت کے لیے احتیاطی اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری دفاتر کو ایندھن کے محدود اور محتاط استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ غیر ضروری سرکاری دوروں اور تقریبات پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ سرکاری وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
ڈیزل مہنگا کے بعد پاکستان ریلویز نے ٹرین کرایوں میں اضافہ کر دیا
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں صرف سرکاری اور ناگزیر امور کے لیے استعمال کی جائیں گی جبکہ ایک ہی کام کے لیے متعدد سرکاری گاڑیوں کے استعمال سے گریزکرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایندھن کے بڑھتے اخراجات کے پیش نظر یہ اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری دفاتر ہنگامی اور ضروری سرکاری امور تک ایندھن کے استعمال کو محدود رکھیں اورغیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ نے تمام ماتحت دفاتراورمتعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر فوری طور پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے اور وسائل کے مؤثراستعمال کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔
حکام کے مطابق ان ہدایات کا مقصد سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔
