امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل اور سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ مختلف ممالک کی اسٹاک مارکیٹس میں مندی برقرار ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 83 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گئی ہے، جو حالیہ کشیدگی کے باعث سپلائی خدشات کو ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب ٹریڈنگ کے آغاز پر سونے کی قیمت میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی اونس سونا 88 ڈالر مہنگا ہو کر 5,176 ڈالر تک پہنچ گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال میں محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رخ کر رہے ہیں۔
عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی دباؤ دیکھا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کی اسٹاک ایکسچینج میں 6 فیصد جبکہ جاپان کی مارکیٹ میں 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق جب تک مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہے گی، تیل اور سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔
