وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، اماراتی صدر محمد بن زید النہیان اور امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی حملے سے علاقائی کشیدگی اور بعض خلیجی ممالک پر حملوں کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے ایران پر اسرائیلی حملے اور خلیجی خطے میں پیدا کشیدگی پر سخت مذمت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس نازک وقت میں سعودیہ اور دیگر برادر ممالک کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، ہم قیام امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے ابوظہبی ،دبئی اور یو اے ای سمیت دیگر خلیجی ممالک میں ہونے والے حملوں پر اظہار تشویش کیا اور ابوظہبی میں ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ایران جنگ پر ثالثی کیلئے تیار ، اپنی فضائی حدود استعمال کرنیکی اجازت نہیں دینگے ، ترکیہ
شہباز شریف نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں یو اے ای کی قیادت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاکستان ہمیشہ اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی رابطہ کرکے ایران پر اسرائیلی حملوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ملک قطر کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
