اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس دوران ایران اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ایران کے خلاف غیر ضروری حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں اضافہ خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تناؤ کو فوری طور پر کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں کا آغاز ناگزیر ہے۔ موجودہ بحران کا پرامن اور مذاکراتی حل ہی دیرپا استحکام کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملے جاری رکھیں گے ، امریکا کا اعلان
اسحاق ڈار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دیں۔ تاکہ خطے میں امن و سلامتی برقرار رکھی جا سکے۔
