آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ( ICC Men’ s T20 World Cup )کے سپر ایٹ مرحلے میں آج اہم مقابلہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یہ میچ سری لنکا کے شہر کینڈی میں واقع پالی کیلے اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کینڈی(Kandy) میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی، جس کے باعث میچ کے مکمل ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بارش کے باعث کئی میچز متاثر ہوئے، جس سے ٹیموں کی حکمت عملی بھی متاثر ہوئی۔
📸 Pakistan team trains for the encounter against Sri Lanka at Pallekele International Cricket Stadium 🏏🏟️#PAKvSL | #T20WorldCup | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/ObwwL4FAkZ
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 27, 2026
پاکستان کے لیے یہ میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اسے نہ صرف فتح درکار ہے بلکہ بہتر نیٹ رن ریٹ بھی یقینی بنانا ہوگا۔ اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے شکست دینا ہوگی تاکہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی جا سکے۔
دوسری جانب اگر قومی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتی ہے تو اسے مطلوبہ اسکور 13 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا، بصورت دیگر سیمی فائنل کی دوڑ مشکل ہو سکتی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کو جارحانہ مگر ذمہ دارانہ کھیل کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ مطلوبہ رن ریٹ حاصل کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ مرحلے کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا، جس کے باعث پاکستان کو قیمتی پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا۔ ایسے میں آج کا مقابلہ قومی ٹیم کے لیے ’’کرو یا مرو‘‘ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور شائقین کی نظریں اس اہم میچ پر مرکوز ہیں۔
