اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم کا کامیاب انعقاد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جون 2023 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا۔ تاہم آج مجموعی معاشی صورتحال ماضی کے مقابلے میں حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے۔ جبکہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 10 فیصد کی سطح پر آگیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے ملک کو اقتصادی بہتری کی جانب گامزن کیا گیا۔ اور بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی۔
انہوں نے 200 ارب روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن زدہ اداروں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح تقریباً ساڑھے 10 فیصد ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے۔ قرضے جادو منتر سے ختم نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آئندہ بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی جبکہ بالواسطہ ٹیکسز کی چوری روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ شوگر، سیمنٹ اور تمباکو کے شعبے بالواسطہ ٹیکس عدم ادائیگی میں سرفہرست ہیں۔ ان شعبوں میں اصلاحات لائی جائیں گی۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہیں جدید تکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی صحت پر فیصلے کرنے کا اختیار پارٹی کے پاس نہیں، علیمہ خان کا دوٹوک اعلان
وزیر اعظم نے کہا کہ تمام چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جامع حکومتی حکمت عملی اپنانا ہو گی۔ اور مزید محنت کے ذریعے پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
