اسلام آباد، اسلام آباد سے کراچی جانے والی 6 ڈاؤن گرین لائن ایکسپریس راولپنڈی سے اسلام آباد کے درمیان پٹری سے اتر گئی۔
حادثے کے نتیجے میں گرین لائن کا انجن، پاور پلانٹ اوردو بوگیاں ڈی ریل ہو گئیں، تاہم ریک خالی ہونے کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان ریلوے کے مطابق واقعہ پیش آتے ہی متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی اورامدادی ٹیمیں فوری طورپرجائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
لاہور میں بسنت کے دوران 17 اموات، رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی اور بوگیوں کو دوبارہ پٹری پر چڑھانے کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ جلد ہی ٹریک کو مکمل طور پر کلیئر کروا لیا جائے گا۔
ریلوے انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ابتدائی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق مسافروں اور ریلوے عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام ضروری حفاظتی پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔
حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹرین آپریشن معمول پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
