پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی سیکیورٹی واپس نہیں لی۔ لیکن اگر کوئی خبروں میں رہنا چاہتا ہے تو ہم ذمہ دار نہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے علی امین گنڈا پور سے سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق سوال پر کہا کہ سیکیورٹی واپس لینے کی بات جھوٹ ہے۔ اور کسی سے کوئی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس اتنا وقت نہیں کہ سیکیورٹی واپس لیتا رہوں۔ ہماری ترجیح بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر کوئی نان ایشو کو ایشو بنا کر خبروں میں رہنا چاہتا ہے تو اس کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ رات 11 بجے وزیر اعلیٰ کے ڈپٹی سی ایس او نے میرے سیکیورٹی اہلکاروں کو کال کی۔ اور کہا کہ سی ایس او کا حکم ہے کہ آپ سب کلوز ہو جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس صوبائی حکومت کی ایک جیمر اور ایک ڈبل کیبن گاڑی تھی۔ اس گاڑی کے ساتھ 14 اہلکار بھی تھے۔ ان اہلکاروں نے مجھ سے کہا تو میں نے کہا بس کلوز ہوجائیں۔ یہ اس معاملے کی اصل حقیقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بس اڈوں اور گاڑیوں سے متعلق سخت ہدایات جاری
علی امین کا کہنا تھا کہ اب مجھے سیکیورٹی واپس دی بھی گئی تو نہیں لوں گا۔ وزیراعلیٰ کو بتانا چاہتا ہوں اب اس سیکیورٹی کو مجھے واپس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
