اٹلی نے پاکستان کی اسکلڈ لیبر فورس کیلئے ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ اٹلی کے دوران اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور لیگل مائیگریشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اٹلی نے پاکستان کی اسکلڈ لیبر فورس کیلئے ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا جبکہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
روم میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا اور انسانی اسمگلنگ و انسدادِ منشیات کے خلاف مؤثر تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی حکام کو آگاہ کیا کہ ائیر پورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے، انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے تیار ہیں۔
اس موقع پر پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کی افادیت اور کارکردگی کے حوالے سے اطالوی وزیر داخلہ کو بریفنگ بھی دی، ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
