پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ کے اراکین اور متعلقہ سیکرٹریز کو عوامی مسائل کے حل کے لیے باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کی ہدایات جاری کر دیں۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے “عوام کا احساس” کے نام سے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ جس کا مقصد شہریوں کے مسائل کا بروقت اور مؤثر حل یقینی بنانا ہے۔
خط میں واضح کیا گیا کہ عوامی مسائل کا فوری ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
خط کے مطابق عوام کو مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے۔ جن کے حل کے لیے کھلی کچہریاں مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
جاری کردہ ہدایت کے مطابق ہر محکمہ ماہانہ بنیادوں پر کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے ملک میں رجسٹرڈ آبادی کی تفصیلات جاری کر دیں
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اس حوالے سے کابینہ اراکین اور سیکرٹریز کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا۔ اور عملدرآمد سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔
