اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک میں رجسٹرڈ آبادی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے
نادرا نے اپنی سالانہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کروا دی۔ جس کے مطابق رجسٹرڈ افراد میں 48 فیصد خواتین اور 52 فیصد مرد شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ یونین کونسلز میں 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش کا اندراج ہو چکا ہے۔ تاہم یہ بچے ابھی نادرا کے ڈیٹا بیس میں مکمل طور پر رجسٹرڈ نہیں ہوئے۔
نادرا کے بائیو میٹرک ریکارڈ کے مطابق 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کی شناخت موجود ہے۔ جبکہ ڈیٹا بیس میں ایک ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور 70 لاکھ افراد کی آنکھوں (آئرس) کا ڈیٹا محفوظ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مجموعی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد اور خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں نادرا کے 938 رجسٹریشن سینٹرز فعال ہیں۔ جبکہ سال 2025 کے دوران 75 نئے رجسٹریشن سینٹرز اور 138 نئے کاؤنٹرز قائم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اپریل سے کسانوں کو مفت زمین ملنا شروع ہو جائے گی، مریم نواز کا اعلان
پاک آئی ڈی ایپلیکیشن کے ذریعے بھی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جس نے ادارے کی تقریباً 15 فیصد ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ پاک آئی ڈی ایپ کی ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
