اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نادرا کے جاری بیان کے مطابق پنجاب حکومت کے قواعد کے تحت برتھ سرٹیفکیٹ میں درج تاریخ پیدائش میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا درستی صرف متعلقہ یونین کونسل، کنٹونمنٹ بورڈ یا میونسپل کارپوریشن کی عدالت کے حکم کی بنیاد پر ہی ممکن ہو گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قانونی تقاضے کے پیش نظر نادرا کے پاس قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ، چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا جیوینائل کارڈ میں تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح کی درخواست صرف اسی صورت میں زیر کارروائی لائی جائے گی۔ جب متعلقہ عدالت کا باقاعدہ حکم اور تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے۔
نادرا نے واضح کیا کہ عدالت کے حکم کی شرط متعلقہ قوانین کے تحت مقرر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کال دوں تو کوئی نہیں روک سکتا۔ تاہم تصادم کی سیاست نہیں چاہتے، سہیل آفریدی
ادارے کا کہنا ہے کہ وہ شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے۔ اور درخواست گزاروں کو قانونی طریقہ کار کے مطابق مکمل معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ یہ پالیسی پنجاب میں جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح کے تمام کیسز پر لاگو ہو گی۔
