سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو ٹیم کا اہم ترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے صائم ایوب کا موازنہ جنوبی افریقا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوالڈ بریوس سے کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایسی نوجوان صلاحیت ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔
پونٹنگ کے مطابق اگر صائم ایوب چند اچھی اورجارحانہ اننگز کھیلنے میں کامیاب ہو جائیں تو پاکستان کو شکست دینا مخالف ٹیموں کیلئے انتہائی مشکل ہو جائے گا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ایک نیا تجربہ ہو گا، چیلنج کے لیے تیار ہوں، مائیک ہیسن
اگرچہ موجودہ ٹورنامنٹ میں صائم ایوب کی کارکردگی غیر مستقل رہی ہے، تاہم انہوں نے آل راؤنڈ صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
نیدرلینڈز کے خلاف 24 رنز بنانے کے ساتھ 2 وکٹیں حاصل کیں، امریکا کے خلاف 19 رنز اسکور کیے، بھارت کے مقابلے میں صرف 6 رنز بنا سکے لیکن 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نمیبیا کے خلاف 14 رنز بنا کرمیدان سے لوٹے۔
رواں سال کھیلے گئے آخری 9 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صائم ایوب 142 رنز بنانے اور 8 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں، جو ان کی آل راؤنڈ افادیت کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان نے گروپ اے میں تین فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور اب سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سے مقابلہ کرے گا۔
