کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم میچ پر بارش کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔
دونوں ٹیمیں کل بروز ہفتہ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، تاہم موسمی حالات شائقین کرکٹ کی بے چینی میں اضافہ کر رہے ہیں۔
میچ کو ٹورنامنٹ کا اہم اور سنسنی خیز مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ سپر 8 مرحلے میں ہرپوائنٹ سیمی فائنل کی دوڑ کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے لیکن سری لنکا میں جاری حالیہ میچز کی طرح اس مقابلے پر بھی بارش کا شدید خطرہ موجود ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کا مارچ میں بنگلا دیش کا دورہ، تین ون ڈے میچوں کی سیریز شیڈول
موسمیاتی ادارے AccuWeather کے مطابق کولمبو میں میچ کے روز بارش کا 74 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ تیز ہواؤں کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے مختص نہیں کیا گیا۔
اگربارش کے باعث دونوں ٹیمیں فی اننگز کم از کم پانچ اوورز بھی مکمل نہ کرسکیں تو میچ منسوخ تصور ہوگا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔
