اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ غزہ میں امن کیلیے کردار ادا کریں گے، حماس کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس وقت نیویارک میں موجود ہیں۔ اور یہ دورہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آج “غزہ بورڈ آف پیس” کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جبکہ اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی نیویارک میں موجود ہیں۔ انہوں نے فلسطین کے مستقل مندوب اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔ جبکہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہبا شریف نے حال ہی میں ویانا کا دورہ کیا جو آسٹرین چانسلر کرسٹین اسٹاکر کی دعوت پر تھا۔ اس موقع پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ ویانا میں وزیر اعظم نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ رافیل ماریانو گروسی سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان صرف غزہ میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرے گا۔ اور کسی گروہ یا تنظیم کے خلاف کارروائی یا فیصلے کا حصہ نہیں بنے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن عمل میں شامل ہو گا۔ تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے کی کسی کوشش میں شریک نہیں ہو گا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے نئی بنگلا دیشی حکومت کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی۔ مزید برآں پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے الحاق سے متعلق متنازع قانون کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف استعمال ،افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن دفتر خارجہ طلب
انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری نکھیل گپتا کی گرفتاری سے متعلق رپورٹس دیکھی گئی ہیں۔ جبکہ پاکستان کے پاس بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیشنل اسسٹنس سیکیورٹی فورسز سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
