قومی کرکٹر شاداب خان نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست کے بعد بہت باتیں کی جا رہی ہیں۔ لیکن ٹیم کا فوکس کسی ایک میچ پر نہیں بلکہ ورلڈ کپ جیتنے پر ہے۔
کولمبو میں نمیبیا کے خلاف 102 رنز سے کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ٹیم نے آج کے میچ کو ہرگز آسان نہیں لیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بھارت کے خلاف میچ جیتنا چاہیے تھا۔ تاہم ایک مقابلے کو بنیاد بنا کر پوری مہم کا اندازہ لگانا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹرز اپنی رائے دینے کا حق رکھتے ہیں۔ وہ لیجنڈز رہے ہیں لیکن موجودہ ٹیم بھی بڑے مقابلوں میں کارکردگی دکھا چکی ہے۔ اور ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے چکی ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ ٹیم پراسیس پر عمل کر رہی ہے۔ اور جو مثبت چیزیں اب تک کرتے آئیں ہیں انہیں جاری رکھنا ہو گا۔
انہوں نے بیٹنگ کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ فرحان بہترین فارم میں ہیں اور ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سپر 8 مرحلہ زیادہ مشکل ہو گا اور وہاں پریشر میچز کھیلنے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں شامل نئی فرنچائز سے متعلق تنازعات کھل کر سامنے آگئے
شاداب خان نے کہا کہ کنڈیشنز کے مطابق حکمت عملی میں تبدیلی کی جاتی ہے۔ اسے تجربات قرار دینا درست نہیں۔ کیونکہ جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آل راؤنڈرز کا کردار نہایت اہم ہو چکا ہے۔
