اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری اپوزیشن اتحاد کے دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر احتجاج کیا تھا۔ اور اب دھرنا ختم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے مسئلے کو عدالت میں بھی اٹھایا گیا۔ اور مطالبہ تھا کہ ذاتی معالجین کو بانی تک رسائی دی جائے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پارلیمنٹ کو جیل خانہ بنا دیا گیا تھا۔ اور جب اپوزیشن ارکان باہر جانا چاہتے تھے تو راستے بند کر دیئے گئے۔ ان کے مطابق احتجاج کے دوران متعدد پابندیاں عائد کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی کی آنکھ سے متعلق خبر آنے پر محمود خان اچکزئی نے بھوک ہڑتال کی تجویز دی تھی۔ تاہم احتجاج کا مقصد صرف یہ تھا کہ ذاتی معالجین کو رسائی دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اویس لغاری کا رمضان میں بڑا اعلان، سحری و افطار میں لوڈشیڈنگ ختم
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بہنوں کے جذبات درست ہیں اور ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے۔ جبکہ آنکھوں کی بہتری کی امید ہے اور انہیں شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
