وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطار کے اوقات میں ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ روزہ داروں کوزیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اویس لغاری کے مطابق حتیٰ کہ نقصان والے فیڈرز پر بھی سحری اورافطارکے اوقات میں بجلی کی بندش نہیں ہوگی، انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کوسختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔
رمضان المبارک میں عوام کو صبح 3 سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ تمام فیڈرزکی مانیٹرنگ کے لئے جدید نظام فعال کردیا گیا ہے جس کے ذریعے بجلی کی صورتحال پر مسلسل نظررکھی جائے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سحری اور افطار کے اوقات میں شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
