وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے گیس فراہمی سے متعلق اہم اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پرماہِ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی اور صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کے مطابق سحری اورافطاری کے اوقات میں گیس پریشر برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات کی بدولت اس سال پچھلی سردیوں کے مقابلے میں گیس سپلائی کی صورتحال بہتر رہی ہے جبکہ اضافی گیس کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا رمضان میں گیس سپلائی شیڈول جاری
علی پرویز ملک نے بتایا کہ سوئی نادرن اورسوئی سدرن کے ہیڈ آفسز میں سچویشن رومز قائم کر دیے گئے ہیں اور ریجنل دفاتر کو نیٹ ورک مانیٹرنگ مزید مؤثربنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، سحری اورافطاری کے دوران گیس فراہمی کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے شکایات کے اندراج کا نظام فعال ہے اور عوام 1199 ہیلپ لائن پر گیس سے متعلق شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
ایم ڈیزخود شکایات کے ازالے کی نگرانی کریں گے جبکہ روبو کال سسٹم کے ذریعے مسئلے کے حل کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رمضان میں عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اوروزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو پائیدارترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔
