بالی ووڈ کے معروف اسکرین رائٹر اور سپر اسٹار سلمان خان کے والد سلیم خان کی صحت کے حوالے سے تازہ معلومات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے وضاحت کی ہے کہ سلیم خان کو دی گئی وینٹی لیٹر سپورٹ محض احتیاطی تدبیر کے طور پر تھی اور ان کی حالت تشویشناک نہیں تھی۔
سدھارتھ ملہوترا کے والد سنیل ملہوترا کا انتقال، فلمی دنیا سوگوار
رپورٹس کے مطابق سلیم خان کو 17 فروری 2026 کی صبح فیملی ڈاکٹروں کی نگرانی میں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی معائنے اور علاج کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا، جہاں ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی گئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق ان کا بلڈ پریشر بلند تھا اور چند اہم طبی ٹیسٹ آسانی سے مکمل کرنے کے لیے احتیاطاً وینٹی لیٹر کا استعمال کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ وینٹی لیٹر کا استعمال کسی سنگین صورتحال کے باعث نہیں بلکہ ایک احتیاطی اقدام تھا تاکہ ضروری معائنہ اور ٹیسٹ بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیے جا سکیں۔ سلیم خان پر آج صبح ڈیجیٹل سبٹریکشن اینجیوگرافی (DSA) کا طبی عمل بھی کامیابی سے انجام دیا گیا، جس کے بعد ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر صحت یابی کا عمل اسی طرح جاری رہا تو انہیں جلد وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا جائے گا۔ سلیم خان کے اہلِ خانہ، بشمول ان کے بچے اور قریبی عزیز، اسپتال میں موجود ہیں اور ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
امیشا پٹیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ، اداکارہ کا ردعمل سامنے آ گیا
یہ خبر مداحوں اور شوبز حلقوں میں تشویش کا باعث بنی تھی، تاہم ڈاکٹروں کی وضاحت کے بعد صورتحال میں قدرے اطمینان پیدا ہو گیا ہے۔
